استنبول: (روزنامہ دنیا) منی ایچر پینٹنگ دنیا میں آرٹ کی ایک اہم قسم سمجھی جاتی ہے تاہم ترکی کے ایک فنکار نے اس فن کو ایک نیا عروج عطا کیا ہے۔ ان کی بنائی ہوئی بعض پینٹنگز کو دیکھنے کیلئے محدب عدسے کی ضرورت ہوتی ہے۔
حسن قال کو ترکی کا مائیکل انجیلو بھی کہا جاتا ہے اور وہ بیجوں، ماچس کی تیلی کے روغنی کناروں اور میووں کے چھلکوں پر نہایت محنت اور مہارت سے تفصیلی خردبینی پینٹنگ بناتے ہیں اور اسی بنا پر اب دنیا بھر میں مشہور ہوچکے ہیں۔ ان کے مشہور فن پاروں میں ‘پلپ فکشن’ فلم کا ایک منظر بھی ہے جو انہوں نے پاپ کارن کے اندر بنایا ہے۔
ایک اور حیرت انگیز شاہکار میں انہوں نے چاول کے دانے پر ترکی کے رہنما مصطفی کمال اتا ترک کا پورٹریٹ بھی بنایا ہے۔ اپنے فن کے متعلق حسن نے کہا کہ انہوں نے 25 برس پہلے اس سفر کا آغاز کیا تاکہ وہ آرٹ کی ایک نئی جہت کو روشناس کراسکیں۔ اپنے استنبول کے سٹوڈیو میں انہوں نے چھوٹی چھوٹی اشیا کو ‘ مصوری کے کیپسول’ قرار دیا ہے۔ وہ کل 300 سے زائد اشیا پر رنگ برنگی مصوری کے انتہائی حیرت انگیز نمونے نقش کرچکے ہیں۔
حسن کہتے ہیں کہ یہ شوق محنت اور بے حد صبر مانگتا ہے لیکن اس میں مالی منافع نہ ہونے کے برابر ہے۔ شروعات میں تو ان کی مصوری کسی نے نہیں خریدی لیکن اب دنیا بھر میں ان کے مداح ہیں اور ہزاروں ڈالرز میں ان کے شاہکار فروخت ہورہے ہیں۔