کار میں سوئی خاتون کو سڑک پر لیٹا کر چور کار لے اڑے

Last Updated On 02 September,2019 12:05 pm

نیو یارک: (روزنامہ دنیا) امریکا میں ایک بوڑھی خاتون تھک کر جب اپنی کار میں سوئی تو کار چور ان کی کار لے کر غائب ہو گئے اور انہیں احتیاط سے سڑک کنارے سوتا چھوڑ گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکا کے شہر نیوجرسی کے علاقے ہملٹن میں پیش آیا ہے جہاں 80 سالہ خاتون کار پارکنگ میں سو رہی تھی، بیدار ہونے پر ان کی گاڑی غائب تھی اور انہوں نے خود کو پارکنگ کے راستے پر لیٹا ہوا پایا۔ پولیس کے مطابق خاتون رات نو بجے اپنی کار میں سو رہی تھیں اور صبح چار بجے بیدار ہوئیں، ان کے چہرے پر کھرونچوں کے نشان تھے۔ 

جب پولیس کو اطلاع دی گئی تو اس نے کار کی تلاش شروع کر دی اور خاصی بھاگ دوڑ کے بعد ٹرینٹن کے علاقے سے ان کی کار برآمد کر لی، اب پولیس ان مجرموں کو ڈھونڈنے کیلئے کام کر رہی ہے اور جلد ان کو دھر لیا جائے گا، ان کی گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور علاقے میں قائم مخبری نیٹ ورک سے کام لیا جا رہا ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ وہ تھکی ہوئی تھیں اور کار میں بیٹھے ان کی آنکھ لگ گئی تاہم وہ اس بات کو ماننے سے انکاری ہیں کہ انہیں کوئی کار سے اٹھا کر باہر رکھے اور ان کی آنکھ نہ کھلے، لازمی طور پر بے ہوشی کی دوا استعمال کی گئی ہو گی۔