پیرو میں دیوتاؤں کیلئے بھینٹ چڑھائے بچوں کی اجتماعی قبر دریافت

Last Updated On 30 August,2019 09:24 am

لیما: (روزنامہ دنیا) جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں چیموز دیوتاؤں کیلئے بھینٹ چڑھائے جانے والے 227 بچوں کی قدیم اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے۔ ان کو دفن کرتے وقت چہرے سمندر کی جانب موڑ دئیے گئے جس سے پتہ چلا کہ بچوں کو دیوتاؤں کیلئے بھینٹ چڑھایا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیرو کے دارالحکومت لیما کے ساحلی علاقے ہونیچوکو میں 227 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن کی عمریں 5 سے 14 برس تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس پیرو کے دو مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 200 بچوں کی مسخ شدہ لاشیں ملی تھیں۔

ماہرین نے بتایا تھا کہ جب کھدائی کی گئی تو بعض بچوں کی لاشوں کے بال اور کھال موجود تھی۔ ماہرین آثار قدیمہ نے بتایا کہ بچوں کو برسات کے موسم میں قتل کیا گیا اور دفن کرتے وقت ان کے چہرے سمندر کی جانب موڑ دئیے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بچوں کو دیوتاؤں کیلئے بھینٹ چڑھایا گیا۔