اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسانوں کے بعد اب پالتو بلیوں کے بھی ہوٹل کھل گئے۔ نخریلی بلیاں ہوٹل میں قیام کرتی ہیں تو ان کی خاطر مدارت بھی خوب ہوتی ہے۔ آپ نے کہیں بھی جانا ہے، بے فکر ہو کر بلیوں کو ہوٹل میں چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔
گول مٹول آنکھیں، ریشمی بال، نخریلی ادائیں، ساشا، اوسکر، سمبا، ڈیانا، ان بلیوں کے نام منفرد تو خوبصورتی بھی لاجواب ہے۔ یہ بلیاں اسلام آباد میں قائم منفرد ہوٹل کی مہمان ہیں۔ شہر اقتدار کے باسی عدیل نے دو سال پہلے پالتو بلیوں کو عارضی ٹھکانا فراہم کرنے کے لیے اس ہوٹل کی بنیاد رکھی، اب مالکان کو شہر سے باہر جانا ہو یا بیرون ملک، بلیوں کو بے فکر ہو کر اس ہوٹل میں چھوڑ جاتے ہیں۔
کھیل کود اور مستیاں بلیوں کا مشغلہ تو ان کی خاطر مدارت بھی خوب کی جاتی ہے لیکن یہ بلیاں جتنے دن ہوٹل میں قیام کرتی ہیں اپنے مالک کی جدائی بھی انہیں ستاتی ہے۔
ہوٹل مالک خوش ہے کہ بلیوں کے لیے قائم اس مسکن سے جہاں اس کا بچپن کا شوق پورا ہوا وہیں جڑواں شہروں کے باسیوں کی مشکل بھی آسان ہو گئی۔
بلیوں کے قیام کے لیے بنائے گئے اس خصوصی ہوٹل میں جہاں بلیوں کو بھرپور سہولیات میسر ہیں وہیں شہریوں کوچھٹیوں پر جانے سے پہلے اپنی بلی کی دیکھ بھال کی پریشانی سے بھی نجات مل گئی۔