واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) خاتون کے کان سے زہریلی مکڑی برآمد کر لی گئی، حیرت انگیز واقعہ امریکی ریاست کنساس میں پیش آیا جہاں ایک خاتون سوزی ٹورس کو کان میں شدید درد کی شکایت تھی اور اس کا خیال تھا کہ کسی دوا کے اثر کے باعث وہاں پانی بھر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون نے ایک صبح اٹھنے پر بائیں کان میں تکلیف کے بعد ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کو ایک انٹرویو میں سوزی نے بتایاکہ میں صبح اٹھی تو میں نے کان میں پانی اور عجیب سی آوازیں محسوس کیں، بالکل ایسے جب آپ پانی میں غوطہ لگائیں اور پانی آپ کے کان میں چلا جائے۔ انہیں اس وقت کچھ گڑبڑ محسوس ہوئی جب ڈاکٹر ابتدائی معائنے کے بعد پریشان ہو گئی اور اسے مزید رکنے کا کہا۔
درحقیقت ڈاکٹر مکڑی کی دریافت پر دنگ رہ گئی تھی۔ ان کے مطابق ڈاکٹر میرے پاس آئی اور بتایا کہ میرے کان میں ایک مکڑی ہے، طبی عملے کے پاس کچھ ٹول تھے اور انہوں نے مکڑی کو باہر نکال لیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ درحقیقت یہ ایک زہریلی مکڑی تھی اور وہ خوش قسمت ہے کہ اسے زیادہ نقصان نہیں ہوا، یعنی مکڑی نے کاٹا نہیں تھا اور نہ ہی انڈے دئیے تھے۔