شکاگو: (روزنامہ دنیا) شوق کا کوئی مول نہیں، اس کہاوت کو کینیڈین تاجر نے درست ثابت کردیا اور ایک ‘‘ڈائم’’ یعنی دس سینٹ مالیت کا نایاب سکّہ 13 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں خرید لیا، پاکستانی روپوں میں یہ رقم تقریباً 21 کروڑ روپے بنتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 1894 میں سان فرانسسکو کی سرکاری ٹکسال میں 10 سینٹ مالیت کے صرف 24 سکّے ڈھالے گئے تھے جن میں سے اس وقت صرف 9 سکّے ہی باقی رہ گئے ہیں۔ ان ہی میں سے ایک نایاب سکّہ گزشتہ ہفتے شکاگو میں نیلام ہوا جسے کینیڈا کے تاجر ڈیل لوئے ہینسن نے 13 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں خریدا۔
ایک ڈالر سے بھی کم مالیت کے سکے کیلئے 13 لاکھ ڈالر خرچ کر دینا ویسے تو مناسب نہیں لگتا لیکن کیا کہیں شوق کے جو نہ پیسہ دیکھتا ہے نہ عقل و دلیل مانتا ہے، بس کسی طرح شوق پورا ہونا چاہئے۔