نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں 11ماہ کی ایک بچی کو پاؤں میں فریکچر کے بعد ہسپتال لایا گیا تو اس نے سارا ہسپتال سر پر اٹھا لیا اور پلاسٹر کروانے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق والدین نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کی گڑیا کو بھی اس کے ساتھ لٹا دیا جس کی ڈاکٹروں نے اس کے سامنے پٹی کر دی۔ اپنی گڑیا کے پاؤں پر پلاسٹر چڑھا دیکھ کر ننھی بچی نے بھی خوشی خوشی اپنے پاؤں پر پلاسٹر کروا لیا۔
بچی کے ساتھ گڑیا کا پلاسٹر ہوتا دیکھ کر وہاں موجود دیگر مریض اور ان کے لواحقین حیرت اور دلچسپی سے یہ سارا عمل انجام ہوتا دیکھتے رہے اور ہسپتال کا عملہ ننھی بچی کو انتہائی سکون کے ساتھ پلاسٹر کرواتے دیکھ کر والدین کی ذہانت کو داد دئیے بنا نہ رہ سکا۔