مہاراشٹر: (نیٹ نیوز) بھارت میں کوے گزشتہ تین برس سے ایک شخص کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کے ہاتھوں میں غلطی سے کوے کا ایک بچہ مر گیا تھا۔
اب اس بچے کے والدین گھر سے نکلتے ہی اس پر حملہ کر دیتے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں سملہ کا مزدور شِیوا کیوٹ ہے جو روزانہ کوؤں کے عتاب کا نشانہ بنتا ہے اور یہ سلسلہ تین سال سے جاری ہے۔
تین سال قبل ایک دن شیوا اپنی راہ پر چل رہا تھا کہ اس نے کوے کے ایک بچے کو ایک جال میں پھنسا دیکھا۔ شیوا نے اسے نکالنے کی بہت کوشش کی لیکن کوے کا نیم مردہ بچہ ان کے ہاتھوں میں مر گیا اور اوپر منڈلاتے کوے یہ سمجھے کہ شیوا نے اسے مارا ہے۔
اب بچے کے رشتے دار کوے شیوا کو پہچانتے ہوئے روز اس پر حملہ آور ہوتے ہیں لیکن اکثر مرتبہ ایک ہی کوا بار بار اسے ٹھونگیں مارتا ہے۔
اب ان سے بچنے کیلئے شیوا نے ایک چھڑی کا انتظام کر رکھا ہے۔ شیوا نے بتایا کہ میں پرندے کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا اور وہ میرے ہاتھوں میں دم توڑ گیا۔
اس نے کہا کہ اب کوے سمجھتے ہیں کہ ان کے بچے کو میں نے مارا ہے۔ اس گاؤں میں کوے کسی اور عورت یا مرد کو نشانہ نہیں بناتے، وہ صرف شیوا کے پیچھے ہی پڑے رہتے ہیں۔
شیوا نے بتایا کہ کوے کبھی کبھار لڑاکا جیٹ طیاروں کی طرح آتے ہیں اور مجھ پر حملہ کرتے ہیں۔ بسا اوقات اوپر اڑتا کوا ایک دم ہوا میں جست لگا کر نیچے آتے ہوئے مجھ پر جھپٹتا ہے۔