بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین دنیا بھر میں نشاۃ ثانیہ کی طرف گامزن ہے جس کے لیے صدر شی جنگ پنگ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں رواں سال 2020ء کے دوران غربت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ جس کے لیے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، چین میں غربت کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی ہے، اس خبر کے مطابق ایک صوبے کی آبادی 8 کروڑ ہے جبکہ وہاں پر 17 کے قریب غریب لوگ موجود ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے 8 کروڑ آبادی کے حامل ایک صوبے جیانگ سو نے یہ دعویٰ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے کہ اس کی آبادی میں سے محض 17 افراد ہی غریب رہ گئے ہیں۔
ساحلی صوبے جیانگ سو کے اس دعوے کے بعد غربت سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کی حقیقت پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ جیانگ سو پہلا صوبہ ہے جس نے غربت کے تقریباً خاتمے کا اعلان کیا ہے۔
Chinese province: Just 17 out of our 80m people now live in poverty https://t.co/aaH2mCP6mf
— BBC News (World) (@BBCWorld) January 10, 2020
چینی حکومت کی جانب سے 2019ء کے سرکاری اعداد و شمار ابھی تک جاری نہیں ہوئے تاہم کہا گیا کہ 2018ء کے آخر تک غربت میں رہنے والے لوگوں کی تعداد کم ہو کر 16.6 ملین (ایک کروڑ 66 لاکھ) رہ گئی ہے جبکہ 10 ملین (ایک کروڑ) لوگوں کوغربت سے نکالا گیا ہے۔
غربت کے خاتمے کے دفتر کے سربراہ ژو گوبنگ نے صوبائی قانون ساز ادارے کو بتایاکہ جب سے غربت کے خاتمے کا پروگرام شروع ہوا ہے تب سے صوبے کے 2.54 ملین (20 لاکھ 54 ہزار) افراد کو غربت سے نکالا گیا ہے جن کی سالانہ آمدنی 864 امریکی ڈالرز (تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار روپے) ہے۔
جیانگ سو صوبہ چین کا معیشت کے لحاظ سے دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ جس کی مجموعی پیداوار 2019ء کے پہلی تین سہ ماہیوں میں 6.4 فیصد سے لے کر ایک ٹریلین امریکی ڈالرز تک پھیل گئی ہے۔
چین کے مقامی ٹوئٹر ویبو پر جیانگ سو صوبے کی جانب سے غربت کے خاتمے کے ان اعداد و شمار پر بحث جاری ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ غربت کے خاتمے حوالے سے حکومتی اعداد و شمار نمبروں کا کھیل بن چکا ہے۔
ویبو پر جیانگ سو صوبے میں صرف 17 غریب لوگوں کا ہیش ٹیگ چل رہا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ کیا اتفاق ہے کہ میں بھی ان 17 افراد میں سے ایک ہوں۔
چین کی مرکزی حکومت نے گزشتہ برس 18.1 ارب ڈالرز غربت کے خاتمے کے مہم پر لگائے۔ یہ مہم ان دیہاتی علاقوں کے لیے تھی جس میں 564 ملین (56 کروڑ4 لاکھ) لوگ رہ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی بینک کے معیار کو دیکھا جائے تو چین کا موجودہ خط غربت ایک درمیانے آمدنی والے ملک سے بہت ہی نیچے ہے۔
چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے ایک طویل مدتی پروگرام تشکیل دے گی۔