سعودی عرب: ماں کی بیٹوں کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو وائرل

Last Updated On 01 February,2020 07:44 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب سے ایک دلچسپ ویڈیو سامنے آئی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے ایک ماں اپنے بیٹوں کے ساتھ ڈانس کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی علاقے سے تعلق رکھنے والے بیٹوں کی اپنی ماں کے ساتھ جنوب کا معروف روایتی رقص کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہو گئی ہے۔ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہی چند گھنٹوں کے اندر ویڈیو کے ویوز سات لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں۔

ویڈیو پر صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔ کسی نے بیٹوں کو ماں کی دل جوئی پر شاباشی دی ہے تو کسی نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹوں نے محض ویوز اور لائکس کمانے کے لیے اپنی ماں کا سہارا لیا ہے۔

ظبی الجنوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تنقید کرنے والوں کو بس بہانہ چاہیے، جسے ویڈیو پسند نہیں وہ نہ دیکھے۔

طارق نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کی خدمت سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو شیئر کر کے نہیں کی جاتی۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ نفسہ نفسی کے اس عالم میں بیٹے اگر وقت نکال کر اپنی ماں کی دل جوئی کرتے ہیں اور کچھ دیر کے لیے اس کا دل بہلاتے ہیں تو اس سے بڑی والدین کی اور کیا خدمت ہو سکتی ہے۔

ایک خاتون صارف نے لکھا کہ تنقید کرنے والوں سے بے پروا ہو کر اپنی والدہ کا دل اسی طرح خوش کرتے رہا کریں۔ قسم سے سوشل میڈیا پر یہ آج کی خوبصورت ترین ویڈیو ہے۔

عبد العزیز العمران کا کہنا تھا کہ والدین کی دل جوئی کرنا اور ان کا دل بہلانا بھی خدمت ہے، بزرگ خاتون کے ساتھ اگر بیٹے روایتی رقص کرتے ہیں تو اس میں برائی کیا ہے۔ میں ان خدمت گزار بیٹوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

عبد اللہ الاسمری نے کہا ہے کہ خاتون گو کہ بزرگ اورضعیف ہیں مگر بیٹوں کے ساتھ بہت خوش ہیں۔ جسے وڈیو پسند نہیں وہ نہ دیکھے۔
 

Advertisement