جدہ میں جیل کی طرز پر انوکھے ریسٹورنٹ کا آغاز

Last Updated On 19 February,2020 11:33 am

ریاض: (روزنامہ دنیا) سعودی نوجوانوں نے جدہ میں جیل کی طرز پر انوکھے ریسٹورنٹ کا آغاز کر دیا، جیل کی مانند بنے ریسٹورنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں نوجوانوں نے ایسا منفرد ریسٹورنٹ کھولا ہے جسے دیکھ کر کسی جیل کا تصور ہوتا ہے۔ اس ریسٹورنٹ کو سعودی نوجوانوں نے جیل کی طرز پر ڈیزائن کیا ہے اور اس کے اندر باقاعدہ لاک اپ بنائے گئے ہیں تاکہ صارفین کو جیل کا تصور آئے۔

سوشل میڈیا پر اس ریسٹورنٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویٹرز نے جیل کے قیدیوں کا لباس بطور یونیفارم زیب تن کیا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ جب میں اس انوکھے ریسٹورنٹ میں گیا تو مجھے لگا کہ شاید یہاں کھانا بھی جیل کی طرز کا فراہم کیا جائے گا لیکن جب مختلف انواع و اقسام کے کھانے دیکھے تو حیران رہ گیا۔