دن کے وقت آسمان پر ایک ساتھ پانچ سورج نظر آنے لگے

Last Updated On 15 February,2020 07:56 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک ایسا حیران کن منظر دیکھنے کو ملا جس نے سب کو ششدر کر ڈالا، شمال مشرقی علاقے منگولیا میں دن کے وقت آسمان پر ایک ساتھ پانچ سورج نظر آئے، اس منظر کو دیکھ کر شہری ورطہ حیرت میں مبتلا ہو گئے اور اس لمحے کو ویڈیو میں محفوظ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے شمال مشرقی صوبے علاقے کے شہریوں نے 14 فروری کی صبح قدرت کا انوکھا نظارہ دیکھا کیونکہ آسمان پر ایک ساتھ 5 سورج نظر آرہے تھے۔

شہریوں نے اس حیران کن لمحے کو موبائل میں محفوظ کیا اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا۔ پیپلز ڈیلی چائنا کی جانب سے شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بڑے سورج کے دائیں بائیں پانچ چھوڑے سورج موجود ہیں جنہیں دیکھ سب حیران ہورہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہریوں نے یہ نظارہ 15 منٹ سے زائد وقت تک دیکھا جس کے بعد یہ قدرتی عمل خود بہ خود ختم ہوگیا اور جیسے جیسے دن ڈھلنے لگا سورج معمول کے مطابق ہوگیا۔

سائنسی زبان میں اس عمل کو ’’سن ڈاگ‘‘ کہا جاتا ہے۔

فلکیات کے ماہرین کا کہنا ہے ایسا منظر عام طور پر سردیوں کے ایام میں نظر آتا ہے جس کے ہونے کی وجوہات ہوا میں برف کے شفاف ذرات ہوتے ہیں، جب سورج کی روشنی ان ذرات سے منعکس ہوتی ہے تو اس انعکاس سے سورج کا گمان ہوتا ہے۔

یہ ایسا منظر ہوتا ہے جس میں دو، تین یا پانچ سورج نظر آرہے ہوتے ہیں مگر حقیقت میں وہ انعکاس کا نتیجہ ہوتا کیونکہ حقیقی سورج تو بس ایک ہی ہوتا ہے۔