ٹینکوں کیساتھ روسی فوجی کی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش، ویڈیو وائرل

ٹینکوں کیساتھ روسی فوجی کی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش، ویڈیو وائرل

تفصیلات کے مطابق محبت کااظہار انسان کی زندگی کا سب سے منفرد لمحہ ہوتا ہے لیکن کئی لوگ اسے منفرد انداز اپنا کر یادگار بنالیتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ کیا روس کے فوجی افسر ڈینس کازانٹریو نے جس نے گرل فرینڈ کو شادی کا پیغام دینے کیلئے سولہ ٹینکوں کو ایسے اندازمیں کھڑا کیا کہ وہ دل کی شکل اختیار کرگئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روسی فوجی افسر نے گرل فرینڈ کو شادی کا پیغام دینے اور اس کے ساتھ اظہار محبت کے اعلان کے لیے اپنے کیمپ کے قریب واقع ٹریننگ سنٹر کاانتخاب کیا جو شدید سردی اور برفباری کی وجہ سے سفید چادر اوڑھ چکا تھا۔

افسر نے اپنے ساتھی اہلکاروں کی مدد سے سولہ ٹینکوں کو ایسے اندازمیں کھڑا کیا کہ وہ دل کی شکل اختیار کرگئے ۔ اس دوران لڑکی کو آنکھیں بند کرا کے وہاں لے آیا۔ جیسے ہی لڑکی نے ہاتھ ہٹائے وہ دنگ رہ گئی۔اس کے درمیان کھڑے ہو کر روسی فوجی نے اپنی محبوبہ کو پھول پیش کیے اور شادی کے لیے پروپوز کیا۔ لڑکی نے اس منفرد انداز کو نہ صرف پسند کیا بلکہ شادی کیلئے’ہاں ‘ بھی کردی۔

روسی وزارت دفاع کی طرف سے ٹی وی چینلوں کو جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹی۔72۔ بی 3 ماڈل کے 16 ٹینک ماسکو کے قریب الابینو فوجی اڈے پر جمع ہوئے۔ اس کے بعد جو کچھ دیکھا گیا وہ حیران کن تھا۔یہ مناظر زفیزڈا ٹی وی چینل پر بھی نشر کیے گئے۔