5 سالہ مصری بچی نے مقابلہ حسن جیت لیا

Last Updated On 20 January,2020 06:35 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ایک خبر ہر طرف وائرل ہوئی ہے، اس خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، خبر کے مطابق مصری نژاد بچی نے روس میں مقابلہ حسن جیت کر غیر معمولی شہرت حاصل کرلی ہے، مقابلہ حسن میں 5 لاکھ بچیوں نے حصّہ لیا تھا لیکن کامیابی کا سہرا تیا حمدی کے سر سجا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر اور روس کے ذرائع ابلاغ میں ان دنوں ایک پانچ سالہ مصری نژاد تیا حمدی حسن نامی بچی کے غیرمعمولی چرچے جاری ہیں۔ ماسکو اور دوسرے بڑے شہروں میں ہرطرف تیا حمدی حسن کی تصاویر کی بھرمار ہے اور ننھی ہیروئن کے روپ میں پیش کیا جا رہا ہے۔

فیشن ماڈلنگ کمپنیوں کی طرف سے بھی اس کے تشہیری پوسٹر جاری کیے گئے مگر اس کی وجہ شہرت روس میں بچوں کے مقابلہ حسن میں حصہ لینا اور ملکہ حسن کا خطاب حاصل کرنا ہے۔ تیا حسن کے والد مصری ہیں مگر انہوں نے ایک روسی لڑکی سے شادی کی تھی، شادی کے بعد پیدا ہونے والی پہلی اولاد بیٹی تھی جس کا نام تیا حمدی حسن رکھا گیا۔

تیا حمدی کے والد حسن نے کہا کہ ان کی بیٹی کے پاس مصر اور روس دونوں کی شہریت ہے۔ بیٹی کی عمر جب ڈیڑھ برس تب ہی اس میں غیر معمولی صلاحیتیں ظاہر ہونا شروع ہوگئی تھیں اور وہ مصری عربی زبان کے ساتھ ساتھ روسی زبان بھی بولنے لگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹی بلا کی ذھین، غیر معمولی قوت حافظہ کی مالک اور بالی وڈ رقص میں دلچسپی لے رہی تھی۔ بیٹی کی ان خوبیوں کو دیکھتے ہوئے حسن اور ان کی اہلیہ سال میں تین ماہ کا عرصہ روس میں گزارتے تھے جہاں تیا حمدی نے مزید مہارتیں حاصل کیں اور چھوٹی عمر میں ہی ٹی وی چینلوں میں کمرشل کرنا شروع کردیے۔

روس میں وہ کمرشل ٹی وی اسٹار بن کر ابھریں اور مقامی سطح پر بچوں کے درمیان ہونے والے مقابلہ حسن میں حصہ لیا۔ اس مقابلے میں پانچ لاکھ روسی بچیوں نے حصہ لیا مگر کامیابی کا سہرا تیا حمدی کے نام سجا اور وہ مصری نژاد روسی ننھی ملکہ حسن قرار پائیں۔

روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تیا حمدی حسن پہلی عرب لڑکی ہیں جنہوں نے روس میں بچیوں کی ملکہ حسن کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ تیا حمدی کے والدین کا کہنا تھا کہ عن قریب وہ بچیوں کے عالمی مقابلہ حسن میں حصہ لیں گی۔
 

Advertisement