قاہرہ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی دلچسپ و عجیب خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جن پر فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، اسی طرح کی ایک اور خبر مصر سے آئی ہے جہاں پر ایک شخص نے صندوق میں اپنی زندگی کے 31 سال گزار دیئے۔
مصری دارالحکومت کے وسط میں باب لوق کے سامنے مصری شہری نے صندوق میں 31 برس گزار دیئے۔ قاہرہ کے ایک اخبار فروش کے والدین اس وقت ہوئے جب اس کی عمر صرف پندرہ سال تھی اور والدین کی وفات کے بعد اسکی کفالت کرنے والا کوئی نہ تھا اور وہ ہر چیز سے محروم ہوگیا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس نے باب اللوق کے سامنے اخبار فروشی کا ایک تھڑا لگایا اور اخبار فروشی شروع کر دی، 46 سالہ خالد نامی شخص دن بھر اخبار فروخت کرتا اور رات کو وہیں ایک صندوق میں گھس کر سوجاتا، علی الصبح اٹھتا اور دوبارہ اخبار و جرائد فروخت کرنا شروع کردیتا۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کے صندوق میں سونے کی اصل وجہ اس کی قلیل آمدنی تھی جس کے باعث وہ اپنے لیے رہائش کا کوئی مناسب انتظام نہیں کرپایا تاہم حال ہی میں وزیر اعظم کے شکایت سیل کو 46 سالہ خالد سے متعلق علم ہوا تو انہوں نے اسے عوامی بہبود کے مرکز منتقل کروایا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو خالد سے متعلق علم ہونے پر انہوں نے اعلیٰ حکام کو خالد کو لانے کا کہا لیکن مذکورہ شخص نے حکام کے ساتھ جانے سے انکار کردیا جس کے بعد حکام نے اسے صندوق سے اٹھا کر عوامی بہبود کے مرکز میں منتقل کردیا۔
مصری حکومت کی جانب سے خالد کو کارآمد شہری بنانے کےلیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔