پاکستان سمیت دنیا بھر میں "ارتھ ڈے" آج منایا جا رہا ہے

Last Updated On 22 April,2020 12:06 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج "ارتھ ڈے" منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ نے کہا ہے عالمی وبا کے سنگین اثرات کے باوجود ماحولیاتی ایمرجنسی کو نہیں بھولنا چاہیے۔

ارتھ ڈے منانے کا مقصد عوام کو زمین پر ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں آگاہی دینا ہے اور زمین کو آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے درخت لگانے کی جانب راغب کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتو نیو گوترس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سنگین اثرات کے باوجود ماحولیاتی ایمرجنسی کو نہیں بھولنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا مہلک وائرس سے ہونے والا نقصان افسوس ناک ہے تاہم ہمیں مستقبل میں چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے۔

ارتھ ڈے پر سویڈن کی ماحولیات کی معروف کارکن 17 سالہ گریٹا تھنبرگ نے مہم کو تیز کرنے کے لیے نئی وڈیو لانچ کر دی، ویڈیو میں پیٖغام دیا گیا ہے کہ آپ کا گھر یعنی یہ دنیا جل رہی ہے، ردعمل دیں۔ ایکٹوسٹ گریٹا نے کلائمیٹ چینج پر مزید اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔

دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن جنگلی حیات اور کرہ ارض کے ماحول کے لیے سود مند ثابت ہو رہا ہے، پارکس اور جنگلوں میں پرندوں اور پھولوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔