دبئی: (ویب ڈیسک) لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں جس کی وجہ سے دکانیں اور شاپنگ مالز بند ہونے سے آن لائن خریداری کا رجحان بڑھ رہاہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے دوران آن لائن خریداری میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور لوگ اپنی روز مرہ کے استعمال کی چیزیں بھی آن لائن ہی منگوارہے ہیں۔
اسی ضمن میں دبئی میں ایک انوکھا ہی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں خاتون کو آن لائن ایپل کے ائیر پوڈز کے بدلے ایک انوکھی ہی چیز موصول ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں رہنے والی ایک خاتون نے ایمازون سے ایپل کے ائیر پوڈز آرڈر کیے بعد ازاں خاتون کو جب ان کا آرڈر موصول ہوا تو وہ حیران ہو کر رہ گئیں۔
خاتون کو ایمازون سے ائیر پوڈز کے بدلے ایک ایسی ڈیوائس موصول ہوئی جو کہ ان کے سر سے بھی زیادہ بڑی تھی۔ خاتون نے ڈیوائس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ایمازون سے ائیرپوڈز منگوائے تھے یہ بہت بڑے ہیں۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق خاتون نے ایمازون سے یہ ائیر پوڈز 62 ڈالرز میں خریدے تھے جو کہ ایپل کے ائیر پوڈز سے 3 گنا سستے تھے۔