بوگوٹا : (ویب ڈیسک) لاطینی امریکی ملک کولمبیا میں انوکھا واقعہ پیش آیا، وہاں پر مریض کے مردہ قرار دئیے جانے پر اہل خانہ نے ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کی تو اچانک مردہ زندہ ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مردہ زندہ ہونے کا یہ انوکھا واقعہ جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں پیش آیا، جہاں ایک شخص کو ہائی بلڈپریشر کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے طبی امداد فراہم کرنے کے کچھ دیر بعد مریض کو مردہ قرار دیکر مردہ خانے منتقل کردیا۔
ڈاکٹروں نے اہل خانہ کو مطلع کیا تو 67 سالہ مریض جان جوزے رومیرو کے اہلخانہ نے طبی ماہرین کی بات پر اعتبار کرنے سے انکار کرتے ہوئے مردے کو دیکھنے کی ضد کی جس پر ہسپتال انتظامیہ نے کورونا وائرس کا بہانہ بناکر مردے تک رسائی دینے سے انکار کردیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے انکار پر اہل خانہ مشتعل ہو گئے اور ہسپتال میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے مردہ خانے تک جا پہچنے اور مردہ خانے میں بھی توڑ پھوڑ کی جب اہل خانہ نے اپنے مریض کو دیکھا تو نہ صرف مردہ قرار دیا جانے والا شخص زندہ تھا بلکہ سانسیں بھی لے رہا تھا۔
اہلخانہ نے کئی گھنٹے ہسپتال کے مردہ خانے میں رہنے کے باعث مریض کو اسکیمیا کا مرض لاحق ہوگیا ہے۔