نئی دہلی: (ویب ڈیسک) لاک ڈاؤن کے دوران بے شمار لوگ ہیئر ڈریسر کے پاس نہیں جاسکے اور اسی وجہ سے ان کے بال لمبے ہوگئے لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے شخص کے بارے میں بتائیں گے جنہوں نے اپنے بال کبھی بھی نہیں کٹوائے۔ معمر شخص کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی ریاست کرناٹکا میں ایک 95 سالہ شہری کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک مرتبہ بھی بال نہیں کٹوائے ہیں اور اب ان کے بالوں کی لمبائی 24 فٹ تک جاپہنچی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 95 سالہ دوداپلیاہ اپنے 24 فٹ لمبے بالوں کے گھچے کو سر کے اوپر ایک بڑی سی گیند کی طرح کپڑے کی مدد سے باندھ کر رکھتے ہیں اور ان کے یہ بال بری طرح سے الجھے ہوئے ہیں۔
95 سالہ بھارتی شہری اپنے آپ کو ایک دیوتا مانتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی حیثیت کھو جانے کے خوف سے اپنے بالوں کو کبھی بھی نہیں کاٹتے۔
دوداپلیاہ اپنے ان لمبے بالوں کو خدا کی طرف سے رحمت سمجھتے ہیں اور وہ اپنے بالوں کو کٹوانے سے زیادہ بہتر اسے کپڑے میں باندھنا سمجھتے ہیں۔