روس کے سرکاری دفاتر میں روبوٹ کلرک بھرتی کر لئے گئے

Last Updated On 16 July,2020 11:24 am

ماسکو: (روزنامہ دنیا) روس میں ایک خاتون نما روبوٹ بطور کلرک سرکاری ادارے میں ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے جس سے لوگوں کے کام فوری نمٹائے جانا ممکن ہو گیا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کا کام جانچ پڑتال کے بعد لوگوں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنا ہے۔ روبوٹ کی شکل کو عام روسی خاتون کی طرح بنایا گیا اور ڈیزائن کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ منصوعی ذہانت کے ذریعے ہزاروں خواتین کے چہروں کو پرکھنے کے بعد اس روبوٹ کو اوسط روسی خاتون جیسا بنایا گیا ہے۔

روبوٹ کلرک کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ بغیر سستی دکھائے لوگوں کے کام جلد از جلد نمٹاتا ہے اور کھانے کی بریک پر بھی نہیں جاتا، ماہرین کے مطابق یہ تجربہ کامیاب رہا تو مزید دفاتر میں ایسے روبوٹ کلرک بھرتی کر لئے جائیں گے۔ اس روبوٹ کا ایک فائدہ اور بھی ہے کہ یہ ایک وقت میں کئی کام سرانجام دے سکتا ہے، نہ صرف لوگوں کا ڈیٹا لیتا ہے بلکہ اسی وقت جانچ پڑتال کے عمل سے بھی فوری گزار لیتا ہے اور غلطی کا امکان بھی بہت کم ہے۔