غباروں کو ایک گھنٹے سے زائد وقت تک فضا میں اچھال کر شہری نے گینز بک ریکارڈ بنا ڈالا

Last Updated On 15 July,2020 05:55 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے ایک انوکھی خبر سامنے آئی ہے جہاں پر ایک شخص غباروں کو ایک گھنٹے سے زائد وقت تک فضا میں اچھالتا رہا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست آئیڈاہو کا رہائشی شخص ڈیوڈ رش اس سے قبل بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج متعدد ریکارڈز توڑ چکا ہے۔

اپنے حالیہ ریکارڈ میں اس نے 3 غباروں کو 1 گھنٹہ 12 منٹ اور 50 سیکنڈ تک فضا میں رکھا۔ اس دوران وہ غباروں کو اپنے ہاتھوں، پاؤں اور سر سے فضا میں اچھالتا رہا۔

اس سے قبل اس نوعیت کا ریکارڈ 39 منٹ 49 سیکنڈز پر محیط تھا جو ڈیوڈ نے توڑ کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔

ڈیوڈ اکثر و بیشتر اس طرح کے کارنامے سر انجام دیتے رہتے ہیں اور اس سے ان کا مقصد اسٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ، میتھا میٹکس) کی تعلیم اور اس سے جڑی سرگرمیوں کا فروغ ہوتا ہے۔