برازیلیا: (ویب ڈیسک) گھر سے باہر جاتے ہوئے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے برازیل کے ایک جوڑے نے ایک انوکھا طریقہ اپنایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 66 سالہ ٹریکو اور ان کی 65 سالہ اہلیہ الیشیا گالڈینو جب بھی ریو ڈی جنیرو میں چہل قدمی کے لیے نکلتے ہیں تو خلابازوں کا سوٹ پہن کر نکلتے ہیں۔
ٹریکو کا کہنا ہے کہ انہیں سانس کی بیماری سے جس وجہ سے کرونا وائرس ان کے لیے اور بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس لیے وہ اپنے آپ کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے خلائی سوٹ پہن کر باہر جاتے ہیں۔
شہری اکثر ٹریکو اور الیشیا کے ساتھ سیلفیاں لینے کے خواہش مند ہوتے ہیں اور یہ جوڑا بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹتا۔
لاطینی امریکا کا سب سے بڑا ملک برازیل امریکا کے بعد کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا ملک ہے۔
وزارت صحت کے مطابق برازیل میں اب تک اس وبا سے 70 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ تاہم اگرچہ یومیہ ہلاکتوں کی تعداد مستحکم ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
گذشتہ 35 دنوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے اور اس کے ساتھ ہی سب سے زیادہ متاثرہ ساؤ پالو اور ریو ڈی جنیرو نے بالترتیب 17400 اور 11200 ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔
وبا پھیلنے کے باوجود اس میں سست روی کا کوئی اشارہ نہیں ہے، ریو اور ساؤ پالو سمیت متعدد ریاستوں نے قابو پانے کے اقدامات میں نرمی کا آغاز کردیا ہے۔ ریو میں بارز کھل جانے کی وجہ سے لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے اور اس سے کئی لوگ خوف زدہ بھی ہیں۔