برسلز: (روزنامہ دنیا) ایک عجیب و غریب لیکن بہت ہی نایاب قسم کی دماغی بیماری ایسی بھی ہے جس میں مبتلا ہوجانے والا شخص خود کو جانور سمجھنے لگتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بیلجیئم میں ایک 54 سالہ خاتون مریضہ سے جب ڈاکٹروں نے پوچھا کہ وہ کون ہیں تو انہوں نے کہا ’’میں مرغی ہوں! میں مرغی ہوں!‘‘ اور منہ سے مرغی جیسی آواز بھی نکالنے لگیں۔ انسان خود کو جانور سمجھنے لگے اسے طبّی زبان میں زو اینتھروپی (Zoanthropy) کہتے ہیں۔
1850 سے لے کر 2012 تک اس نفسیاتی بیماری کے صرف 56 واقعات ہی سامنے آئے تھے جبکہ بیلجیئم کا واقعہ اس سلسلے میں 57 واں ہے۔ مرض میں مبتلا خاتون اپنے آپ کو نہ صرف مرغی سمجھتی ہیں بلکہ تمام حرکتیں مرغی جیسی کرتی ہیں۔ ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ مرغی کی طرح چلیں پھریں، اس کی طرح بیٹھیں اور کھائیں۔