شکاگو: (روزنامہ دنیا) کیا آپ مونگ پھلی کے مکھن اور جیم سے بنے سینڈوچ کیلئے 350 ڈالر یا 58 ہزار روپے خرچ کرنا چاہیں گے ؟ شکاگو کی پی بی اینڈ جے کمپنی نے پی نٹ بٹر اور جیم سے بنا دنیا کا سب سے مہنگا سینڈوچ تیار کیا ہے جس کیلئے ایک روز قبل آرڈر دینا ہوتا ہے۔
سینڈوچ کو ‘گولڈن گوز’ کا نام دیا گیا ہے جس کے قیمتی اجزا دنیا بھر سے منگوائے گئے ہیں۔ سینڈوچ بریڈ کے پورے ٹکڑے پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کا آٹا گوندھتے وقت اس میں سونے کے ذرات ملائے جاتے ہیں اور اس پر سونے کے ورق چڑھائے جاتے ہیں جسے خاص انداز میں کھانے کے قابل بنایا جاتا ہے۔
ریستوران انتظامیہ کے مطابق شہد اور ڈبل روٹی سب سے مہنگی اشیا ہیں۔ مانوکا شہد نیوزی لینڈ سے منگوایا جاتا ہے جس کی ایک پاؤ مقدار کی قیمت 371 ڈالر ہے۔ دوسری جانب ڈبل روٹی میں سونے کے ذرات شامل کرنا ایک اور مہنگا نسخہ ہے۔