ببر شیر کا سیاحوں کی گاڑی پر قبضہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 05 September,2020 05:56 pm

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنگل کے شکاری کو انسانوں کی سواری بھاگئی، واقعے کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سفاری پارک میں سیاح اپنی منزل کی جانب گامزن تھے کہ ببر شیر نے ان کا راستہ روک لیا، سیاح ببر شیر کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے اور ڈرے سہمے گاڑی کے اندر بیٹھے رہے۔

ببر شیر نے بھی سیاحوں کا پیچھا نہ چھوڑا اور ان کی گاڑی کے اوپر قبضہ جما لیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرے سہمے سیاح اپنی گاڑیوں سے اتر رہے ہیں اور ببر شیر گاڑی کے اوپر چڑھ کر مزے سے اس کا جائزہ لے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے ببر شیر نے کسی سیاح کو نقصان نہیں پہنچایا اور کچھ دیر کے بعد وہ اتر کر دوبارہ جنگل کی طرف چلا گیا۔

سیاح کا کہنا تھا کہ میں سیاحت کا شوقین ہوں زندگی میں میرے ساتھ یہ واقعہ پہلی بار پیش آیا میں اس واقعے کو کبھی نہیں پھول سکوں گا، ببر شیر کو دیکھ کر ہوائیاں اڑ گئی تھیں۔

واضح رہے کہ سفاری پارک میں شیروں کے حملے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، اس سے قبل بھی شیر نے ایک سیاح پر حملہ کرکے اسے مار ڈالا تھا۔