نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں ایک چور نے قیمتی موبائل فون کو استعمال کرنے میں ناکامی پر اس کے مالک کو واپس کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بردوان ضلع کے شہر جمال پور میں یہ واقعہ پیش آیا جب مٹھائی کی دکان پر آنے والا ایک خریدار اپنا موبائل وہیں بھول گیا لیکن کچھ دیر بعد وہ فون وہاں سے چوری ہوگیا، فون کی مالیت 45 ہزار روپے بتائی جارہی ہے۔ پولیس کیمطابق فون کے مالک کا کہنا ہے کہ جب میں نے اپنے نمبر پر کال کی تو وہ بند جا رہا تھا لیکن تین دن بعد جب دوبارہ کال کی تو چور نے کال ریسیو کرلی اور کہا کہ مجھ سے یہ فون نہیں چل رہا اور نہ اس کی سمجھ ہے لہٰذا میں یہ واپس کرنا چاہتا ہوں۔
مالک کا کہنا ہے کہ یہ سن کر مجھے خوشگوار حیرت ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فون کے مالک نے جب چور سے بات چیت کی تو اس نے پچھتاوے کا اظہار کیا جس پر فون کے مالک نے چور کو معاف کر دیا۔