کیف: (ویب ڈیسک) یوکرائن سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر خاتون نے شنوائی نہ ہونے پر اپنی مدد آپ کے تحت گرمی کا توڑ نکالتے ہوئے کھڑے جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھولا اور تازہ ہوا کھانے کے لیے پَر پر جا بیٹھی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا میں بہت سے لوگ ایسی عجیب و غریب حرکات کرتے ہیں کہ دیکھنے والوں کی ہنسی رکنے کا نام ہی نہیں لیتی۔ ایسا ہی ایک واقعہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں یوکرین انٹرنیشنل ائیر لائن کی ترکی جانے والی پرواز پر پیش آیا۔
ہوا کچھ اس طرح کہ ترکی جانے والی پرواز پر سوار ایک خاتون نے عملے سے جہاز کے اندر گرمی کی شکایت کی لیکن جب کوئی شنوائی نہ ہوئی تو خاتون نے اپنی مدد آپ کے تحت گرمی کا توڑ نکالنے کا سوچا۔
خاتون نے کیف ائیرپورٹ پر کھڑے جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھولا اور تازہ ہوا کھانے کے لیے پَر پر جا بیٹھی۔ جب عملے کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے خاتون کو اندر بلایا اور جہاز کا ایمرجنسی دروازہ بند کیا۔ یوکرین انٹرنیشنل ائیرلائن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد خاتون کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔