کھانے کے سامنے صبر، 2 کتوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 06 October,2020 05:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈالا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک خوبصورت ویڈیو نے صارفین کا دل موہ لیا جس میں 2 کتے کھانے کے سامنے صبر کا دامن تھامے بیٹھے ہیں۔ ویڈیو میں 2 کتے موجود ہیں جن میں سے سائبیرین ہسکی ہے، کتوں کا مالک دونوں کے سامنے نہایت لذیذ اور اشتہا انگیز چکن پیس رکھتا ہے جسے دیکھ کر دونوں بے چین ہوجاتے ہیں۔

اس کے بعد وہ ان سے کہتا ہے کہ اس سے دور رہنا، میں تھوڑی دیر میں واپس آتا ہوں اور کمرے سے باہر چلا جاتا ہے۔ کمرے میں دونوں کتے کھانے کے ساتھ اکیلے رہ جاتے ہیں اور یہاں سے ان کے صبر کا امتحان شروع ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی سیر کرنیوالی خوش نصیب بلی

سنہری کتا خود پر ضبط کر کے مالک کا انتظار کر رہا ہے، اس دوران اس کی کوشش ہے کہ وہ کھانے کو دیکھے بھی نہیں لیکن ہسکی کی حالت بری ہے، وہ بے قراری سے کھانے کے ارد گرد چکر لگا رہا ہے۔

ہسکی کے منہ میں پانی بھی آرہا ہے جبکہ وہ وہ بار بار کمرے سے باہر جا کر مالک کو دیکھ رہا ہے کہ وہ کب واپس آئے گا۔ بالآخر اس کے ضبط کا پیمانہ چھوٹ جاتا ہے اور وہ چکن پیس کو کھانا شروع کردیتا ہے، سنہری کتا ابھی بھی فرمانبرداری سے اپنے مالک کا انتظار کر رہا ہے۔

آخر کار مالک واپس آتا ہے اور دونوں کو چکن پیس کھلانا شروع کرتا ہے جسے دونوں نہایت بے قراری سے کھاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور صارفین دونوں معصوم اور پیارے کتوں کے لیے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

Advertisement