آن لائن سروس، بلی کے بجائے شیر کا بچہ بھیج دیا گیا

Published On 13 October,2020 08:57 am

پیرس: (روزنامہ دنیا) فرانسیسی جوڑے کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں آن لائن ایک بلی کا بچہ خریدنے پر شیر کا بچہ بھیج دیا گیا، پولیس نے ذمہ دار افراد کو گرفتار کرلیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانس کے رہائشی میاں بیوی نے عدالت میں بتایا کہ ایک آن لائن اشتہار کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ ایک عام گھریلو بلی اور افریقی بلی کو کراس کرکے پیدا ہونے والا سوانا نسل کی بلی کا بچہ برائے فروخت ہے جس پر اس جوڑے نے اسے خریدنے کیلئے متعلقہ آن لائن کمپنی سے رابطہ کیا اور 7 ہزار ڈالر کے عوض اس بچے کو خرید لیا۔

پارسل وصول ہونے کے تقربیاً ایک ہفتے بعد جوڑے کو احساس ہوا کہ یہ سوانا نسل کی بلی نہیں بلکہ شیر کا بچہ ہے۔ فرانس میں شیر کو پالتو جانور کی حیثیت سے رکھنا غیر قانونی عمل ہے اور جرم ثابت ہونے پر قید و جرمانے کی سزا دی جاتی ہے۔

استغاثہ نے کہا کہ اس واقعے پر پولیس نے طویل عرصہ تحقیقات کیں جس کے بعد جرم میں ملوث نو افراد کو گرفتار کیا گیا، ابتدائی طور پر شیر کا بچہ خریدنے والے جوڑے کو بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم انہیں بے گناہ ثابت ہونے پر رہا کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد جانوروں کی سمگلنگ سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں جبکہ شیر کے بچے کو محکمہ جنگلی حیات کی نگرانی میں دیا گیا ہے۔
 

Advertisement