آدھا نر اور آدھا مادہ پرندہ، سائنسدانوں کو بھی حیران کر دیا

Published On 12 October,2020 08:36 am

پنسلوانیا: (روزنامہ دنیا) امریکی سائنسدانوں نے ایک ایسا جنگلی پرندہ دریافت کیا ہے جو ایک طرف سے ‘آدھا نر’ اور دوسری طرف سے ‘آدھی مادہ’ ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست پنسلوانیا میں ایک علاقے ‘‘پاؤڈرمل نیچر ریزرو’’ میں پرندوں کی ٹیگنگ کرنے والی ٹیم کی ایک رکن اینی لنڈسے اور ان کے ساتھیوں نے یہ عجیب و غریب پرندہ دریافت کیا۔ اسے روزبریسٹڈ گراسبیک کہا جاتا ہے، پرندے کے سینے پر دائیں جانب والے نصف حصے پر سرخ دھبہ ہے جبکہ اس کا دایاں پر بھی اندر سے شوخ گلابی رنگت کا ہے ، جیسا کہ نر میں ہوتا ہے۔

اس کے برعکس سینے کے بائیں جانب والا حصہ مادہ کی طرح بھورا ہے۔ ماہرین کو گزشتہ 64 سال میں یہاں سے ایسے دس پرندے مل چکے ہیں جو بیک وقت آدھے نر اور آدھی مادہ ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان میں سے ایک پرندے نے گزشتہ برس انڈے بھی دیئے اور بچے بھی نکالے۔ یہ پرندہ اپنی نسل بڑھانے کے بھی قابل ہے۔ تاہم کچھ ماہرین کی رائے مختلف ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ ‘‘آدھا نر اور آدھی مادہ’’ پرندہ اپنی نسل آگے بڑھانے کے قابل ہے یا نہیں یہ جاننے کیلئے انتظار کرنا پڑے گا۔ 

Advertisement