اوسلو: (روزنامہ دنیا) ناروے کی ایک کمپنی نے انوکھی اسامی کااعلان کیا ہے جس میں 2 ہفتے تک وقت ضائع کرنے کے عوض 14 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد تنخواہ کی پیشکش کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کو ایسے افراد کی تلاش ہوتی ہے جو قابل اور ذہین ہوں اور کمپنی کی ترقی میں اضافے کیلئے کام کریں، ایک کمپنی نے اسی مقصد کیلئے ایک اسامی کا اعلان کیا ہے جس میں ملازم کو انٹرنیٹ پر بیٹھ کر صرف اپنا وقت ضائع کرنا ہوگا۔
ناروے کی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ انہیں ایک ایسے شخص کی ضرورت ہے جو 2 ہفتے تک صرف ان کا براؤزر استعمال کرے، اس مقصد کیلئے اسے 9 ہزار ڈالرز (14 لاکھ 41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تنخواہ دی جائے گی۔ کمپنی اس نوکری کیلئے 13 نومبر تک درخواستیں وصول کرے گی، سوشل میڈیا صارفین اس نوکری میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں۔