پراگ: (روزنامہ دنیا) جمہوریہ چیک میں ایک شکاری کو اس وقت خفت اٹھانا پڑی جب ایک بارہ سنگھا نے اس کی رائفل کو اپنے سینگ میں اڑا لیا اور تیزی سے بھاگ کھڑا ہوا اوربہت کوشش کے باوجود رائفل کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست جنوبی بوہیما کے گاؤں ہورنی پلانا میں ایک شکاری کی رائفل اس وقت بارہ سنگھا کے ہتھے بلکہ سینگوں پرچڑھ گئی جب وہ اپنے شکار میں مصروف تھا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ چند شکاری جنگل میں کتوں کے ساتھ شکار میں مصروف تھے۔ کتوں نے بارہ سنگھوں اور ہرنوں کو گھیرنا شروع کیا ہی تھا کہ ایک بارہ سنگھا خطرہ بھانپ کر مشتعل ہو گیا اور ایک شکاری پر سینگوں سے حملہ کر دیا۔
شکاری کو کئی خراشیں آئیں اور وہ حواس باختہ ہو گیا، اسی مڈبھیڑ میں اس کی رائفل بارہ سنگھے کے سینگوں میں پھنس گئی۔بارہ سنگھا رائفل سمیت ہی گھنے جنگل کی جانب بھاگ کھڑا ہوا اور غائب ہو گیا۔شکاری کا کہنا ہے کہ رائفل لوڈڈ حالت میں تھی اورگولی چل سکتی تھی۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر بارہ سنگھے کی تلاش شروع کر دی ہے۔