ہنوئی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ان دنوں مرغی کے انڈوں سے بھی بڑے انگوروں کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔ جاپان میں پیدا ہونے والے ان خاص قسم کے انگوروں کی قیمت ہزاروں روپے پاکستانی ہے۔
یہ انگور ویتنام میں بہت مقبول ہو رہے ہیں۔ لوگ مہنگے ہونے کے باوجود انھیں خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ہنوئی کی مقامی دکاندار کا میڈیا سے گفتگو میں بتانا تھا کہ جاپان سے تعلق رکھنے والے ان انگوروں کی مالیت اگرچہ بہت زیادہ ہے تاہم سوشل میڈیا نے ان کو عوام میں بہت مقبول کر دیا ہے۔ ان انگوروں کے ایک گھچے کی قیمت تقریباً 300 ڈالر ہے تاہم اس کے باوجود گھنٹوں میں ان کی دکان پر موجود تمام انگور فروخت ہو گئے۔
ان خاص قسم کے انگوروں کو بڑی نفاست کیساتھ گاہکوں کیلئے پیک کیا جاتا ہے، اس دوران حفظان صحت کا خصوصی طور پر خیال رکھا جاتا ہے۔ ایک پیکٹ میں صرف چار سے پانچ دانے انگور ہی رکھے جا سکتے ہیں اور ان کا وزن تقریباً ایک کلوگرام تک ہوتا ہے۔
اندازے کے مطابق ان انگوروں کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 45 ہزار روپے ہے۔ ان رسیلے اور ذائقے میں دوسرے انگوروں سے مختلف اس پھل کو خاص طور پر آرڈر کرکے جاپان سے ویتنام منگوایا جا رہا ہے۔