لاہور:(روزنامہ دنیا) دنیا کی معتبر انگریزی ڈکشنری ’’کیمبرج‘‘ نے اردوکا لفظ ’’اچھا‘‘ کو ڈکشنری میں شامل کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ڈکشنری میں انگریزی کے علاوہ دنیا کی دیگر زبانوں کے ڈیڑھ لاکھ لفظ شامل کئے جاچکے ہیں ۔اچھا لفظ پاکستان اور بھارت کی زبانوں اردو ،پنجابی ، سندھی، پشتو، بلوچی،سرائیکی وہندی سمیت دیگر میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ ڈکشنری میں اچھا لفظ کو شامل کرتے ہوئے اس کے معنی خوشی اور حیرت کے اظہار کے طور پر بیان کئے گئے ہیں ۔
ڈکشنری میں لفظ کے ساتھ ساتھ اس کو جملے میں استعمال کرنے کی مثال بھی دی گئی ہے،جملے میں پہلے غیر معمولی بات اس طرح بیان کی گئی ہے’میں اسے آدھی قیمت پر خریدنے میں کامیاب ہوگیا‘ پھر دوسرے شخص کی جانب سے خوشی اور حیرت کے ملے جلے اظہار کے طور پر لفظ ’اچھا‘ استعمال کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کیمبرج میں اردوکا لفظ اوہ بھی شامل کیا جاچکاہے ۔