ٹوکیو میں 138 سال بعد پہلے ہاتھی کی پیدائش

Published On 07 December,2020 05:25 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 138 سال بعد پہلے ہاتھی کی پیدائش ہوئی وہے جس کا پیدائش کے وقت وزن 120 کلو گرام ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے قدیم ترین چڑیا گھر میں 138 سال بعد پیدا ہونے والے ہاتھی کے پہلے بچے کا بیرونی دنیا سے میل جول شروع ہو گیا ہے۔ ٹوکیو کے چڑیا گھر میں ننھے ہاتھی کا پیدائش کے وقت قد ایک میٹر اور وزن 120 کلو گرام تھا۔

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کا اوئینو چڑیا گھر چڑھتے ہوئے سورج کی سرزمین کا قدیم ترین چڑیا گھر ہے، جو 138 سال قبل 1882ء میں جاپان کے پہلے چڑیا گھر کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دادی نے اپنی پوتی کو ’جنم‘ دیدیا

اوئینو چڑیا گھر کی انتظامیہ نے وہاں 31 اکتوبر کو پیدا ہونے والے ہاتھی کے اس پہلے بچے کی پیدائش کے تقریباﹰ دو ماہ بعد نہ صرف پہلی بار ویڈیو جاری کی بلکہ عوام سے درخواست کی کہ وہ اوئینو کے اس تاریخ ساز رہائشی کا نام رکھنے میں انتظامیہ کی مدد بھی کریں۔

ہاتھی کا یہ بچہ نر ہے اور اسے اس کی زندگی میں پہلی مرتبہ یکم دسمبر منگل کے روز اس چڑیا گھر کی سیر کو آنے والے شائقین کے سامنے لایا گیا۔ ننھے ہاتھی کی ماں کا نام اوتھی ہے جبکہ باپ کا نام آرٹِڈ تھا۔

ہاتھیوں کا جوڑا 2002ء میں تھائی لینڈ نے جاپانی شہزادی آئیکو کی پیدائش کی خوشی میں جاپان کو تحفے میں دیا تھا۔ شہزادی آئیکو جاپان کے موجودہ شہنشاہ نارُوہیٹو اور ملکہ ماساکو کی واحد اولاد ہیں۔

ٹوکیو چڑیا گھر کی انتظامیہ نے عام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ آن لائن ووٹنگ کے ذریعے ہاتھی کے اس شیر خوار بچے کا نام رکھنے میں مدد کریں۔ یہ نام ان تین ممکنہ ناموں میں سے منتخب کیا جائے گا، جو ٹوکیو میں تھائی لینڈ کے شاہی سفارت خانے نے تجویز کیے ہیں۔

یہ تین مجوزہ نام ارون، اتساڈونگ اور تاون ہیں۔ یہ تینوں تھائی زبان کے الفاظ ہیں، جن کے معنی بالترتیب  طلوع آفتاب‘،  غروب آفتاب‘ اور  سورج‘ ہیں۔

اوئینو چڑیا گھر کی انتظامیہ نے وہاں جانے والے شائقین کو ہاتھی کے بچے کو اس کی 22 سالہ ماں اوتھی کے ساتھ دیکھنے کی روزانہ صرف محدود اوقات کے لیے ہی اجازت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیا گھر، پہلا دن، خاتون ’’ پُراسرار تصویر‘‘ دیکھ کر فرار

چڑیا گھر جانے والے مہمان اس ماں بیٹے کو کسی بھی روز لیکن صرف دو گھنٹے تک دیکھ سکتے ہیں۔ ایسا اس لیے کیا گیا کہ بہت زیادہ شائقین یا ہر وقت مہمانوں کی موجودگی اوتھی اور اس کے بیٹے کے لیے کسی جذباتی دباؤ کی وجہ نا بنے۔

اوتھی کے بیٹے اور اوئینو کی تاریخ کے اس پہلے نومولود ہاتھی کا پیدائش کے وقت وزن 120 کلو گرام اور قد 100 سینٹی میٹر (ایک میٹر) تھا۔ گزشتہ تقریباﹰ نو ہفتوں کے دوران یہ  بےبی‘ کافی بڑا ہو گیا ہے۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ کروڑوں انسانوں کو خوش کر دینے والا ہاتھی کا یہ بچہ پیدائشی طور پر یتیم ہے۔ اس کا باپ آرٹِڈ اسی سال اگست میں 23 سال کی عمر میں کافی عرصہ تپ دق کا مریض رہنے کے بعد انتقال کر گیا تھا۔
 

Advertisement