صرف 8 سیکنڈ قرنطینہ سے باہر آنے پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ

Published On 10 December,2020 10:33 am

تائیوان:(روزنامہ د نیا) تائیوان میں ہوٹل میں رکا کورونا وائرس کا شکار ایک مزدور صرف 8 سیکنڈ کیلئے باہر نکلا تو اس جرم کے پاداش میں اس پر5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ہوٹل کاؤسوئنگ شہر میں واقع ہے ،اس کا انکشاف سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوا جس میں سرخ لباس میں ملبوس ایک فلپائنی مزدور کو دیکھا جاسکتا ہے جو صرف چند سیکنڈ کیلئے اپنے کمرے سے باہر آتا ہے تو گارڈ اس کے سامنے آجاتا ہے ۔ اس ہوٹل میں قرنطینہ کے کئی مریضوں کو بھی رکھا گیا ہے ۔ 

اس کے فوراً بعد ہوٹل انتظامیہ نے محکمہ صحت سے رابطہ کیا تو اس پر ایک لاکھ تائیوانی ڈالر کا جرمانہ عائد ہوگیا جو 3500 امریکی ڈالر یا پانچ لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تائیوانی قوانین کے تحت قرنطینہ سے باہر نکلنے کی بالکل اجازت نہیں خواہ وہ ایک سیکنڈ کیلئے ہی کیوں نہ ہو۔