دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شوہر کا انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ بلاک کرنے والی بیوی پر 5 ہزار درہم (تقریباً دو لاکھ دس ہزار روپے) جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
راس الخیمہ پولیس میں متاثرہ شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ ان کی اہلیہ نے انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ پر بلاک کردیا ہے جس سے ان کے مساج سینٹر کی ویب سائٹ تک رسائی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔ اس لیے بیوی کے خلاف سائبر کرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
مقامی عدالت میں سماعت کے دوران اہلیہ نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مالک وہی ہیں تاہم شوہر نے موقف اختیار کیا کہ مساج سینٹر میرا ہے جہاں اہلیہ کو منیجر کی پوسٹ دی ہے اور ساتھ ہی تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی وہ چلاتی ہیں لیکن یہ اکاؤنٹس میرے نمبر پر بنائے گئے ہیں۔
شوہر نے دعویٰ کیا کہ اہلیہ نے انتظامی اور مالی کرپشن کی ہے اور بھانڈہ پھوٹنے پر سوشل میڈیااکاؤنٹس مکمل طور پر بند کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔
حکومت کے سائبر کرائم محکمے نے عدالت کو بتایا کہ اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ اکاؤنٹس شوہر کے ہیں اور اہلیہ نے جان بوجھ کر انہیں بلاک کیا ہوا ہے تاکہ مساج سینٹر کے معاملات وہی دیکھتی رہیں۔