اٹلی میں کرسمس کی مناسبت سے روشنیوں سے سجا بڑا درخت بنا دیا گیا

Published On 08 December,2020 01:09 pm

روم: (دنیا نیوز) اٹلی میں کرسمس کی مناسبت سے پہاڑی علاقے میں روشنیوں سے سجا بڑا درخت بنا دیا گیا۔

پرانے اطالوی شہر گوبیو میں سالانہ کرسمس فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔ 450 میٹر چوڑے اور 750 میٹر بلند ٹری کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ جگمگاتے ٹری کو دیکھنے سیکڑوں افراد آئے۔ درخت 300 نیون اور 400 رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا تھا۔

دنیا کے سب سے بڑے کرسمس ٹری کو سجانے کا آغاز 1981 میں ہوا تھا اور پہلی مرتبہ 750 میٹر بلند درخت بنایا گیا تھا۔ یہ درخت اب ہر سال 700 بڑی روشنیوں کو درخت کی شکل میں ترتیب دے کر ایسے بنایا جاتا ہے کہ دور سے دیکھنے پر کرسمس ٹری کھڑا نظر آتا ہے۔ درخت کو 7 دسمبر کو روشن کیا جاتا ہے جبکہ ایک ماہ بعد 6 جنوری کو بجھایا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 1991 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے دنیا کے سب سے بڑے کرسمس ٹری کے اعزاز سے نوازا تھا، یہ ریکارڈ اب تک کوئی نہیں توڑ سکا۔