نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) کبھی کبھی قسمت انسان پر یوں مہربان ہوتی ہے کہ وہ حیران رہ جاتا ہے ، ایسا ہی کچھ ایک بھارتی کسان کے ساتھ ہوا جسے زمین کی کھدائی کرتے ہوئے خطیر مالیت کا ہیرا مل گیا جس نے اس کی زندگی بدل دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے پنا میں غریب کسان کے مقدر اس وقت کھل گئے جب وہ فصل بونے کیلئے کھدائی کر رہا تھا۔ مٹی نرم کرتے ہوئے اسے زمین میں ایک چمکتی ہوئی چیز نظر آئی جسے اٹھانے پر پتہ چلا کہ وہ ایک بیش قیمت ہیرا ہے۔ لکھن سنگھ کھیتی باڑی کر کے اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ پالتا ہے، اس کام سے اس کے شب و روز مشکل سے کٹ رہے تھے۔ 45 سال کی عمر تک مسلسل محنت مشقت کے باوجود وہ صرف زمین کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا لیز پر لینے کے قابل ہوا تھا۔
اب اس خوش قسمت کسان کو زمین سے جو ہیرا ملا ہے وہ 14.98 کیرٹ کا ہے اور اس کی مالیت 60 لاکھ بھارتی روپے سے بھی زائد رقم حاصل ہوئی ہے۔ کسان نے بتایا کہ ہیرا ملنے کے بعد اس کی زندگی بدل گئی ہے، وہ ان پیسوں سے اپنے بچوں کو تعلیم دلوائے گا جبکہ ہیرا ملنے کا لمحہ وہ زندگی بھر نہیں بھلا سکے گا۔