مناما:(روزنامہ دنیا) بحرین کے صحرا میں سو برس سے کھڑا ایک درخت سب کیلئے حیرت اور تعجب کا باعث بنا ہوا ہے،یہ درخت ایک صدی سے زائد عرصے سے تن تنہا کھڑا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بوڑھے درخت کی چاروں جانب صحرا ہی صحرا ہے اور آس پاس کوئی آبادی ہے اور نہ آب پاشی کا کوئی انتظام، نہ ہی یہاں کوئی دوسرا درخت موجود ہے ۔بحرین کے آثار و ثقافت کے محکمے کا کہنا ہے کہ یہ درخت ‘شجرۃ الحیاۃ’ یعنی شجرِ حیات کے نام سے مشہور ہے اور یہ آب پاشی کے بغیر سو برس سے زائد عرصے سے یہاں کھڑا ہے ۔
ایسا لگتا ہے کہ یہاں تقریباً 4 سو برس قبل چھوٹے چھوٹے گھر ہوا کرتے تھے ، پانی بھی تھا لیکن جب پانی کی قلت ہوئی تو مکین نقل مکانی کر گئے ۔ کچھ لوگوں کے مطابق درخت کے اطراف پانچ سو برس پرانی انسانی باقیات محفوظ ہیں، 2009 میں اس درخت کو دنیا کے سات نئے عجائبات میں شامل کرنےکی تجویز بھی سامنے آئی تھی۔