واشنگٹن:(روزنامہ دنیا) امریکا میں ہونے والی انوکھی واردات نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، چور گاڑی چوری کرنے کے بعد غیر متوقع طور پر مالکن کے پاس واپس آ گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست اوریگن میں ایک چور سٹور کے باہر کھڑی گاڑی لے کر رفو چکر ہوگیا لیکن تھوڑی ہی دیر بعدواپس آ کر گاڑی کی مالکن سے بات چیت کرنے لگا۔ چور کی جائے وقوعہ پر واپسی کی وجہ گاڑی میں موجود کمسن بچہ بنا کیوں کہ کار چوری کرتے ہوئے ملزم کو یہ خبر نہیں تھی کہ گاڑی کے پیچھے معصوم بچہ موجود ہے ۔
چور کو جب بچے کی موجودگی کا علم ہوا تو وہ فوراً واپس پہنچا اور گاڑی کی مالکن کو بچہ تھامتے ہوئے دھمکی لگائی کہ پولیس کو کسی صورت مطلع نہیں کرنا اور پھر دوبارہ کار لے کر فرار ہوگیا۔تاہم ملزم کی یہ کوشش زیادہ وقت تک کارگر نہ ہوئی اور پولیس نے تھوڑی جدو جہد کے بعد بالآخراسے گرفتار کرلیا۔پولیس نے خاتون اور دیگر شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ گاڑی کو بغیر لاک ہرگز نہ چھوڑیں اور الارم سمیت دیگر پیشگی اقدامات ضرور کریں۔