پہاڑی علاقے میں 6 ماہ تک گھاس کھا کر زندہ رہنے والی 47 سالہ خاتون

Published On 08 May,2021 07:40 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جہاں پر 6 ماہ سے لاپتا 47 سالہ خاتون کو ایک پہاڑی علاقے سے برآمد کرلیا گیا جہاں وہ صرف گھاس، کائی اور پانی پر گزارا کرکے زندہ تھیں۔

امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک لاپتا خاتون کو 6 ماہ بعد اتفاقیہ طور پر ڈھونڈا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 نومبر کو خاتون کی گاڑی جنگلات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ملی جس کے بعد انہیں ڈھونڈنے کا سلسلہ شروع کیا گیا، کئی دن تک ان کی تلاش جاری رہی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔

کئی سراغ رساں اور آفیشل ریسکیو کے افراد انہیں ڈھونڈتے رہے لیکن ناکامی پر کچھ دن بعد تلاش کا عمل روک دیا گیا۔

تاہم کچھ روز قبل خاتون کا سراغ لگانے کے لیے دوبارہ کوشش کی گئی تو اس دوران علاقے میں ایک تباہ شدہ ڈرون ملا۔ سارجنٹ اور ڈرون کا پائلٹ جب ٹینٹ کے نزدیک پہنچے تو دیکھا کہ خاتون نے وہاں رہائش اختیار کر رکھی ہے۔

خاتون اس ویران علاقے میں ایک ٹینٹ کے اندر محض گھاس اور کائی کھا کر زندگی گزار رہی تھیں جب کہ کچھ دور دریا سے پانی پیتی تھیں۔

پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں دماغی صحت کے حوالے سے بھی کچھ مسائل درپیش ہیں۔