واشنگٹن:(روزنامہ دنیا) امریکا میں مختلف رنگت والے افراد کو نسلی تعصب کے بعد ‘ماحولیاتی تعصب’ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہےجہاں سیاہ فام افراد کو سفید فام افراد کی نسبت گرمی کی شدت کا زیادہ سامنا ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ امریکا میں رہنے والے سیاہ فام افراد کو سفید فام افراد کی نسبت گرمی کی شدت کا زیادہ سامنا ہے ۔اس تحقیق کی سربراہی کرنے والی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کی ڈاکٹر انیجل ہسو کا کہنا ہے کہ رنگ دارافراد عموما ً ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں سبزہ کم، سڑکیں اورعمارات زیادہ ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہری علاقوں میں سیاہ فام افراد کو اوسطا ً 3 اعشاریہ12ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ حرارت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جب کہ سفید فام افراد 1 اعشاریہ 47سینٹ گریڈ اضافی درجہ حرات کا سامنا کرتے ہیں۔