ویانا:(روزنامہ دنیا) آسٹریا کے سائنسدانوں نے زندہ انسانی خلیوں پر مشتمل، ایک ایسا ننھا منا مصنوعی دل تیار کرلیا ہےجس کی جسامت دال کے ایک دانے جتنی ہے اور وہ دھڑکتا بھی ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریا کے ماہرین نے اس مقصد کیلئے ہر فن مولا ‘‘خلیاتِ ساق’’ (Stem Cells) استعمال کئے جبکہ کچھ مخصوص حیاتی کیمیائی تعاملات سے استفادہ کیا گیا جنہیں ‘‘پاتھ ویز’’ کے تکنیکی نام سے جانا جاتا ہے ۔ان پاتھ ویز نے خلیاتِ ساق کو اس قابل بنایا کہ وہ تقسیم اور تبدیل ہو کر، ازخود ترتیب پائیں اور ننھے منے ، دھڑکتے ہوئے دل میں تبدیل ہوسکیں۔
یہ طریقہ اس سے پہلے تجرباتی طور پر چھوٹی چھوٹی آنکھوں اور دماغ کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاچکا ہے ۔ واضح رہے کہ دل وہ پہلا انسانی عضو ہے جو حمل ٹھہرنے کے بعد نہ صرف وجود میں آتا ہے بلکہ اپنا کام بھی سب سے پہلے کرنا شروع کردیتا ہے ۔