واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکا میں اغوا کار نے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے کمسن بچوں سے بھری سکول بس ہائی جیک کی لیکن بچوں کے سوالات سے تنگ آکر بچوں کو چھوڑ کر فرار ہوگیا،ملزم امریکی فوجی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست ساؤتھ کیرولینا کے شہر کولمبیا میں سکول بس ہائی جیک کرنے کا حیران کن واقعہ رونما ہوا ،سکول بس 18 کمسن بچوں کو لیکر جارہی تھی کہ ایک شخص زبردستی بس میں سوار ہوا اور ڈرائیور و بچوں سمیت بس کو ہائی جیک کرلیا تاکہ انتظامیہ سے اپنے مطالبات منوا سکے ۔
بس میں سوار بچوں نے اغوا کار پر سوالات کی بھرمار کی تو ملزم بچوں سے تنگ آگیا اور غصے میں آکر بچوں کو بس سے اتار کر خود بھی بھاگ نکلا۔
پولیس نے تھوڑی ہی دوری پر ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم 23 سالہ جووان کولازو امریکی فوج کا کیڈٹ ہے ۔ پولیس نے جووان پر متعدد دفعات لگائی ہیں۔