بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے ایک ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ویکسین لگوانے والے افراد کو مفت میں گائے جیتنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور لوگوں کو ویکسین سے متعلق آگاہی اور انہیں امادہ کرنے کے لیے نئی نئی مہم بھی سامنے آ رہی ہیں۔
ویکسین لگوانے والے کہیں شہریوں کو مفت میں ڈونٹ دیے جا رہے ہیں۔ کہیں ویکسین لگوانے پر چرس کے سگریٹ دیے جا رہے ہیں۔ تو کہیں لوگوں کے چہروں سے ویکسین لگوانے کا خوف ختم کرنے کے لیے ویکسین کی طرح دکھنے والے کیک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
لیکن اب شمالی تھائی لینڈ کے ایک ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ویکسین لگوانے والے افراد کو مفت میں گائے جیتنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
تھائی لینڈ کے صوبے چینگ مائی کے ضلع مائی چیم میں ایک مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت ہر ہفتے ویکسین لگوانے والے ایک خوش نصیب افراد کو مفت میں گائے دی جائے گی۔
مہم کے تحت ایک سال تک ہر ہفتے ویکسین لگوانے والے شہری کو قرعہ اندازی کے ذریعے 319 ڈالر مالیت کی گائے جیتنے کا موقع ملے گا۔ کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اس ضلع میں سات جون سے ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔
ضلع مائی چیم کے چیف بون لو تھم تھرنوراک نے’رائٹرز‘ کو بتایا کہ چند دن میں ہی ضلع میں ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کرانے والے افراد کی تعداد سیکڑوں سے ہزاروں تک جا پہنچی ہے۔ یہاں رہنے والے لوگوں کو گائے بے حد پسند ہیں اور گائے کو نقد کے لیے فروخت کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں چار ہزار سے زائد افراد بشمول 60 برس کے عمر والے افراد نے ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔
دوسری جانب تھائی لینڈ کے دیگر صوبوں میں بھی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے نت نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں قرعہ اندازی کے ذریعے سونے کے ہا راور ڈسکاؤنٹ کوپنز وغیرہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ تھائی لینڈ کی 6 کروڑ 60 لاکھ آبادی میں سے اب تک 16 لاکھ 40 ہزار افراد کو کورونا وائرس ویکسین کی ایک خوراک فراہم کی جا چکی ہے۔ کورونا ویکسین لگوانے کے لیے 70 لاکھ سے زائد شہریوں نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔
تھائی لینڈ میں کورونا وائرس سے لگ بھگ ایک لاکھ 20 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وبا سے 700 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔