چور کو قتل کر کے 15 سال تک لاش گھر میں رکھنے والا شہری

Published On 20 May,2021 05:28 pm

کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک شہر نے گھر میں داخل ہونے والے چور کو قتل کر کے 15 سال تک لاش کو اپنے گھر میں چھپائے رکھا۔

اے ایف پی کے مطابق بروس رابرٹس نامی شخص لاش سے پیدا ہونے والی بدبو کے خاتمے کے لیے گھر میں 70 سے زائد ائیر فریشنرز کا استعمال بھی کرتا رہا۔

2002 میں بروس رابرٹس نے ڈکیتی کی کوشش کے دوران گھر میں گھسنے والے شین سنیلمین کو گولی مار دی اور لاش گھر میں رکھ لی۔ رابرٹس کی خود 2017 میں طبی وجوہات کی بنا پر موت کے بعد پڑوسیوں نے ایمرجنسی سروس کو آگاہ کیا، جس نے ان کی ہیٹر سے نیچے گری لاش دریافت کی۔

لیکن اس گھر میں کچرے کے ڈھیروں کے درمیان شین سنیلمین کی باقیات کا اس وقت تک پتہ نہیں چل پایا جب تک کہ اس کے ایک سال بعد یہاں کی صفائی کے لیے کلینئرز کی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔

عدالت میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاش کے قریب 70 سے زائد ائیر فریشنزر کی بوتلوں کو رکھا گیا تھا تاکہ بدبو کو روکا جا سکے۔

کہا جاتا ہے کہ بروس رابرٹس ایک بہت بڑے ذخیرہ اندوز تھے اور بہت کم گھر سے باہر جاتے تھے۔ ان کے گھر سے ایک درجن سے زیادہ ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔
 

Advertisement