نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے ایک انوکھی خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جہاں پر برگر کی تلاش میں ریسٹورنٹ پہنچنے والے مگر مچھ کو دھر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر فلوریڈا کے ایک ریسٹورنٹ میں آنے والوں کی اس وقت دوڑیں لگ گئیں جب اچانک کہیں سے ایک مگرمچھ نکل آیا۔ اس کے بعد مقامی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ پارکنگ لاٹ میں موجود ’بھوکے‘ مگرمچھ نے کئی گاہکوں کا پیچھا بھی کیا اگرچہ وہ کسی کو نہ پکڑ سکا تاہم خود پکڑا گیا۔ پولیس نے مگرمچھ کو ’گرفتار‘ کر کے مناسب مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
امریکی ویب سائٹ یو پی آئی نے لی کاؤنٹی شیرف آفس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بعض گاہکوں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ پارکنگ لاٹ میں گھومتے مگرمچھ کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے جس پر کارروائی کی گئی۔
GATOR CHASE
— Lee County Sheriff (@leesheriff) May 17, 2021
Deputies responded to Lee Blvd today after this 6-ft gator chased pedestrians through a Wendy s parking lot.
He may have just been "hangry" for a cheeseburger, but he gave many quite the scare!
Alongside FWC, we wrangled the gator and safely relocated it. pic.twitter.com/OIiDHCmMJC
شیرف آفس کا عملہ فلوریڈا فش اور وائلڈ لائف کے حکام کے ہمراہ موقع پر پہنچا تو اس وقت بھی چھ فٹ لمبا مگرمچھ پارکنگ میں موجود تھا اور اس نے ان کا پیچھا کرنے کی بھی کوشش کی، تاہم بعد ازاں راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرنے میں ناکام رہا۔
عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مگرمچھ کو محفوظ طریقے سے قابو کرنے کے بعد اس کا منہ باندھ کر بے بس کر دیا۔
اس حوالے سے شیرف آفس کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں مگرمچھ کو پکڑنے کے آپریشن کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہو سکتا ہے وہ بہت زیادہ بھوکا ہو اور چیز برگر کی تلاش میں آیا ہو لیکن اس نے لوگوں کو بہت زیادہ خوف زدہ کیا۔
شیرف آفس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مگرمچھ کو اس کی مناسبت سے موزوں جگہ پر لے جا کر چھوڑ دیا گیا۔