باغیچے میں رکھے معمولی مجسمے قدیم مصری نوادرات نکلے

Published On 13 October,2021 08:50 am

لندن:(روزنامہ دنیا) برطانیہ کے ایک گھر کے باغیچے میں عرصے سے رکھے دو مجسمے درحقیقت پانچ ہزار سال قدیم مصری نوادرات نکلے جن کی مالیت دو لاکھ اکتالیس ہزار برطانوی پاؤنڈ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ قیمت پاکستانی روپوں میں پانچ کروڑ 60 لاکھ روپے بنتی ہے ۔یہ مصری مجسمے ابوالہول کی طرح تراشے گئے ہیں۔ ابوالہول کا مجسمہ اس وقت قاہرہ کے مشہور میدانِ اہرام میں موجود ہے جس کا چہرہ انسانی اور دھڑ کسی حیوان (غالباً شیر) کا ہے ۔ گھر کے مالکان کا خیال ہے کہ یہ ابوالہول کے مجسمے کی نقل ہے جو غالباً اٹھارویں یا انیسویں صدی میں تراشے گئے تھے لیکن اب معلوم ہوا کہ انہیں پانچ ہزار برس قبل مصر میں بنایا گیا تھا۔

ایک مجسمے کی لمبائی 110 سینٹی میٹر ہے اور اسے لندن کے مشہور مینڈر نیلام گھر میں فروخت کیلئے پیش کیا گیا جس کی بولی پندرہ منٹ میں اس وقت ختم ہوگئی جب وہ دو لاکھ چالیس ہزار پاؤنڈ تک جاپہنچی۔
 

Advertisement