خلا سے زمین پر آنیوالے 555 قیراط سیاہ ہیرے کی نمائش

Published On 19 January,2022 09:47 am

دبئی: (روزنامہ دنیا) مشہور برطانوی نیلام گھر 'سود بیز' نے دبئی میں 555.55 قیراط کا سیاہ ہیرا پیش کیا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ خلا سے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ہیرا جسامت میں خاصا بڑا ہے اور اس کے 55 پہلو ہیں جو اسے مزید منفرد بناتے ہیں۔ اس ہیرے کو اینگما یعنی معمہ کا نام دیا گیا ہے جبکہ اسے دنیا کے نایاب ترین ہیروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ یہ ہیرا کہاں سے آیا ہے لیکن ایک مفروضے کے مطابق یہ لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہاب ثاقب کا حصہ رہا ہو گا جو کسی طرح محفوظ رہ گیا۔

بتاتے چلیں کہ سیاہ ہیروں کو کاربونیڈو بھی کہا جاتا ہے جو اب صرف برازیل اور وسطی افریقہ سے ہی ملے ہیں۔ اینگما کو دبئی کے بعد لاس اینجلس میں بھی نمائش کیلئے رکھا جائے گا جبکہ اس کی آخری منزل لندن ہو گی جہاں اسے فروری میں نیلام کیا جائے گا۔
 

Advertisement